اسلام آباد(رپورٹ :،رانا مسعود حسین ) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم معطل کر تے ہوئے فریقین مقدمہ سمیت اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کر دیئے ،کیس کی مزید سماعت آج ہوگی ،عدالت نے اس بات پر بھی فریقین سے جواب طلب کیا ہے کہ جب اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست گزار جج کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پررجسٹرار آفس کے اعتراضات موجود تھے،تو اس پر نمبر کیسے لگ گیا ؟ سینئر جج ، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل پانچ رکنی آئینی بینچ نے سوموار کے روز جسٹس طارق جہانگیری کی چیف جسٹس سردار سرفرازڈوگر کی سربراہی میں جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ کے عبوری حکمنامہ کے خلاف اپیل کی سماعت کی تو درخواست گزار جج ،اپنے وکیل منیر اے ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چار دیگر درخواست گزار جج، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس سمن رفت امتیاز اورجسٹس سردار اعجاز اسحاق خان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔