کراچی (نیوز ڈیسک)عالمی امن کوششوں کے باوجودغزہ پر اسرائیلی حملے جاری، 50فلسطینی شہیدکردئیے گئے، مجموعی شہادتیں 66,055سے متجاوز،صہیونی کارروائیاں لبنان اور شام تک پھیل گئیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی چھاپے، 15گرفتار، چرواہوں کو بھگایا گیا ،درخت کاٹے گئے۔ عالمی صمود فلوٹیلا47جہازوں کے ساتھ جلد غزہ پہنچنے کی توقع، ترکیہ نے کارکنوں کو محفوظ نکال لیا، نیتن یاہو عالمی سطح پر شدید تنہائی اور دباؤ کا شکار، مقبوضہ بیت المقدس میں عیسائی اداروں پر ٹیکس و جائیداد ضبطی کی پالیسی پر سخت تنقید،،ڈچ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کا خطرہ موجود ہے ، فیصلہ عالمی عدالت کریگی۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر اور پٹی کے مختلف علاقوں پر حملے جاری رکھتے ہوئے صرف گزشتہ 24گھنٹوں میں کم از کم 50فلسطینیوں کو شہید اور 184کو زخمی کر دیا ہے، جن میں امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں مجموعی طور پر 7اکتوبر 2023سے اب تک اسرائیلی جنگ میں 66ہزار 55فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 68ہزار 346زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں لاشیں اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ شام کے جنوبی حصے میں اسرائیلی فوجی چوکی پر دھماکے میں ایک ریزرو افسر شدید زخمی ہوا۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے 15 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جن میں ایک 14 سالہ بچہ بھی شامل ہے، اور چھاپوں کے دوران شہریوں کو تشدد اورشیلنگ کا نشانہ بنایا۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیلی آبادکار فلسطینی زمینوں پر قبضے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں چرواہوں کو زمین سے بھگانا اور درخت کاٹنا شامل ہے۔