پشاور(نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوا بارکونسل کی جانب سے ہڑتال کی کال کے باوجودمقدمات کی پیروی کرنے والے وکلاءکے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے وکلاءکی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں،وکلاءکو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے ۔ اس ضمن میں گزشتہ روز پشاورہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر امین الرحمان یوسفزئی ایڈوکیٹ کی سربراہی میں ایک اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری جنرل اشفاق داودزئی، پشاور بارجنرل سیکرٹری زاہداللہ زاہد سمیت دیگر سینئر وکلاءنے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پشاورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مختلف وکلاءفورمز کے نمائندوں کو بھی لیا گیاجو وکلاءکے قتل اوران پر تشدد واقعات سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل کے علاوہ وکلاءکو درپیش مختلف مسائل کو دیکھے گی اور اس حوالے سے تجاویز بھی پیش کرے گی ۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ باکونسل کے ہڑتال اعلان کے باوجودجو وکلاءگزشتہ روز عدالتوں میں پیش ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں ان کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں دوسرے معاملات بھی زیرغورلائے گئے۔