پشاور(جنگ نیوز)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس پشاور میں صوبے بھر سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ہر کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔کھلی کچہری کا مقصد کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کو براہِ راست سننا اور ان کا فوری حل تجویز کرنا تھا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر نے کھلاڑیوں کے انفرادی و اجتماعی مسائل تحمل سے سنے اور متعلقہ افسران کو ان مسائل کے جلد از جلد حل کیلئے عملی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کھیلوں کی سرزمین ہے، ہمارے نوجوان کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ہمیں ان کے مسائل حل کر کے ان کو ایک محفوظ، شفاف اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔