پشاور (خصوصی نامہ نگار) ہسپتال میں شوگر ، بلڈ پریشر اور دیگر امراض کے لئےتین روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا آغاز ہوگیا، کیمپ میں عوام کے لئے مفت طبی معائنہ اور مختلف ٹیسٹوں کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کا کہنا ہے کہ شوگر اور بلڈ پریشر خاموش قاتل ہیں ان کی بروقت تشخیص بہت ضروری ہے، شوگر اور بلڈ پریشر دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تیزی سے بڑھنے والی بیماریاں ہیں اور انہیں بجا طور پر ’’خاموش قاتل‘‘ کہا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان میں ہر چار میں سے ایک فرد شوگر کا مریض ہے جبکہ ہر تین میں سے ایک فرد بلڈ پریشر کا شکار ہے ان دونوں امراض کی بروقت جانچ اور علاج نہ صرف مریض کی زندگی کو محفوظ بنا سکتے ہیں بلکہ انہیں مزید پیچیدگیوں سے بھی بچا سکتے ہیں۔ شوگر اور بلڈ پریشر کی بڑھتی ہوئی خطرناک شرح کے پیش نظر خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) نے ماہر ڈاکٹروں اور پروفیسرز کی زیر نگرانی عوامی شعور اجاگر کرنے اور بروقت تشخیص کی غرض سے یکم تا 3اکتوبر صبح 9 بجے تا دوپہر 1بجے تک تین روزہ فری میڈیکل کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیمپ آج یکم اکتوبر سے شروع ہوکر تین اکتوبر بروز جمعتہ المبارک تک کے ایم یو ہسپتال نزد پی آئی سی فیز5حیات آباد پشاور میں جاری رہے گا جس میں مریضوں کو مفت طبی معائنہ، تشخیص اور ضروری ٹیسٹوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تین روزہ مہم کے دوران مریضوں کا تفصیلی معائنہ اور تشخیص کی جائے گی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا یہ اقدام عوام کو صحت کے حوالے سے آگاہ کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے شہری مستفید ہو کر اپنی صحت کے بارے میں بروقت آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔