• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ توانائی کا جائزہ اجلاس، منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

پشاور(جنگ نیوز)محکمہ توانائی خیبرپختونخوا کا جائزہ اجلاس وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے توانائی طارق محمود سدوزئی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی اور سی ای او خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں صوبے کے توانائی کے مسائل، پن بجلی کے منصوبوں، بین الاقوامی ترقیاتی پارٹنرز کے تعاون سے جاری منصوبوں اور وفاقی حکومت کے ساتھ زیر غور آنے والے معاملات خصوصاً نیٹ ہائیڈل پرافٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کی پہلی صوبائی ٹرانسمیشن لائن پر کام جاری ہے۔ یہ 40 کلومیٹر طویل 132؍220 کے وی لائن سوات میں مٹلتان سے مدین تک بچھائی جا رہی ہے، جو 84 میگاواٹ مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کو قومی گرڈ تک پہنچانے یا مقامی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ منصوبے کے فیز ٹو میں 80 کلومیٹر اضافی لائن مدین سے چکدرہ تک بچھائی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سوات کوریڈور میں سیکڑوں میگاواٹ استعداد کے حامل کئی پن بجلی کے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔اس موقع پر ٹرانسمیشن لائن ٹاورز کی تنصیب اور اس سلسلے میں مقامی کمیونٹی کے ساتھ روابط کے حوالے سے پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کی استعداد کا آڈٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پیڈو کی تعیناتی مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی اور ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ناگزیر ہے۔چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ تمام منصوبوں اور ٹرانسمیشن لائنز کے لئے واضح ایکشن پلان اور ٹائم لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔
پشاور سے مزید