لاہور(اپنے نامہ نگار سے)پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے ایف سی کالج لاہور میں منعقدہ ایک اہم تقریب میں شرکت کی جس کا مقصد پاکستان کے دفاع اور قومی تعمیر میں اقلیتی برادریوں کے شاندار کردار کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر عسکری، سماجی اور علمی شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) ندیم رضا اور جنرل نوئل کھوکھر شامل تھے۔اپنے کلیدی خطاب میں رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان کی اقلیتی برادریوں کی قربانیوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی اقلیت نے کبھی بھی ریاست مخالف مؤقف اختیار نہیں کیا۔ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہیں، انہیں عزت دی جاتی ہے اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔