کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں منگل کو طوفان باد و باراں کے دوران 2 پروازیں لینڈ نہ کر سکیں، 4 فلائٹس منسوخ کر دی گئیں جبکہ 56 میں تاخیر ہوئی۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق منگل کی شام تیز ہوا کے ساتھ بارش کے دوران لاہور سے کراچی پہنچی قومی ایئر کی پرواز پی کے 305 لینڈ نہ کر سکی جسے کچھ دیر کے لیے سکھر اتار دیا گیا۔ ویتنام سے کراچی پہنچی کارگو پرواز ٹی کے 6245 کو بھی لینڈنگ میں دشواری ہوئی جسے مسقط اتارا گیا جبکہ کراچی ایئرپورٹ کی 10 پروازوں کی آمد اور روانگی میں 2 گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔ کراچی سکھر کی دو پروازیں پی کے 536، 537 کراچی لاہور پی کے 312 اور اسلام اباد ریاض پی اے 274 منسوخ کی گئیں۔ اسلام اباد ایئرپورٹ کی 18 پروازوں میں 1 سے ساڑھے 13 گھنٹے، سیالکوٹ کی 4 پروازوں میں 1 سے 10 گھنٹے، پشاور کی 5 پروازوں میں 1 سے 9 گھنٹے، کوئٹہ کی 4، اسکردو کی 4، ملتان کی 2 پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ لاہور ایئرپورٹ کی 20 پروازوں میں 1 سے 9 گھنٹے تاخیر رپورٹ ہوئی ہے۔