• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع ساؤتھ، تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت روکنے کیلئے اسپیشل فورس

کراچی( ثاقب صغیر )ضلع سائوتھ کے پوش علاقوں سمیت تمام علاقوں کے تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت کو روکنے کے لیے اسپیشل فورس بنا دی گئی ۔تفصیلات مطابق ضلع سائوتھ میں واقع تعلیمی اداروں خصوصاً اسکولز کے طلباء کو منشیات کی فروخت اور سپلائی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک علیحدہ اسپیشل فورس بنائی گئی ہے۔اس فورس کا نام campus security and substance abuse watch کیمپس سیکورٹی اینڈ سبسٹینس ابیوز واچ ( C2SAW ) رکھا گیا ہے جس میں ابتدا میں خواتین سمیت 50 پولیس اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی سائوتھ زون سید اسد رضا نے بتایا کہ یہ فورس تعلیمی اداروں کے باہر تعینات رہے گی اور وہاں طلباء کو منشیات فروخت کرنے والے عناصر پر نظر رکھے گی۔انہوں نے بتایا کہ فورس تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے بھی رابطے میں ہو گی۔اس فورس کا یونیفارم بھی اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں سے مل کر ڈیزائن کیا گیا ہے جو اسٹوڈنٹس فرینڈلی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ شیشہ سینٹرز اور بارز میں بھی ہم کارروائیاں کریں گے۔ہمارا فوکس طلباء اور تعلیمی اداروں پر ہے اور اس حوالے سے ہم ایک ورکنگ گروپ بھی بنا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیچر پیرنٹس میٹنگ ( TPM ) کا کردار اس حوالے سے بہت اہم ہے،والدین بچوں کے رول ماڈل ہیں۔ بچوں کے ساتھ ہمیں والدین کو بھی منشیات اور اس کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہو گی۔سید اسد رضا نے بتایا کہ بدھ کو پہلے مرحلے میں ہم نے ضلع سائوتھ کے 50 سے زائد اسکولز ،کالجز اور جامعات کے پرنسپل ، انتظامیہ ،ماہرین نفسیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بلایا اور ان سے بات کی کہ ہم کیسے مل کر منشیات کی لعنت کو ختم کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں اسکولز میں منشیات سے متعلق آگاہی ،ڈرگ ایجوکیشن اور ڈرگ ٹیسٹنگ سمیت مختلف امور پر بات کی گئی ۔

ملک بھر سے سے مزید