کراچی(سید محمد عسکری) اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ (SELD)، حکومت سندھ نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) کے تعاون سے آج پرائمری میتھمیٹکس ایجوکیشن انہانسمنٹ انیشی ایٹو کے تحت نصاب اور درسی کتابوں کی تیاری کے پہلے ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ یہ دو روزہ پروگرام سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ (STBB) جامشورو میں منعقد ہوگا، جو صوبے میں پرائمری ریاضی کی تعلیم کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ورکشاپ کے پہلے دن میں عالمی تصورات اور تجزیاتی فریم ورکس کا تعارف کرایا جا رہا ہے۔ متوقع نتائج میں نصاب اور درسی کتاب تیار کرنے والوں کی صلاحیت میں اضافہ، موجودہ مواد میں موجود خامیوں کی واضح نشاندہی اور ریاضی کی تعلیم کے لیے ایک مشترکہ وژن کی تشکیل شامل ہے جو عالمی معیار کو سندھ کے مقامی تناظر سے ہم آہنگ کرتا ہے۔ یہ ورکشاپس طویل المدتی نصاب اور درسی کتب میں اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ہیں، تاکہ سندھ کے طلبہ مستقبل میں کامیابی کے لیے ضروری ریاضی کی صلاحیتوں سے بہتر طور پر تیار ہو سکیں۔ “۔” اس موقع پر، مسٹر نور احمد کوسو، ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم، اسیسمنٹ اینڈ ریسرچ (DCAR)، نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور جائیکا کے ساتھ مل کر نصاب اور درسی کتابوں میں اصلاحات کی اہم ضرورت پر زور دیا۔ مسٹر نریش کمار شیوانی، ڈپٹی ڈائریکٹر اکیڈمکس (STBB)، اور مسٹر عبدالرحمٰن انڍڙ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکیڈمکس (STBB)، نے بھی SELD، JICA اور DCAR کی ٹیموں کی قیمتی شرکت پر گرمجوشی سے خوش آمدید کہا، جبکہ مسٹر خالد آزاد، ڈائریکٹر اکیڈمکس (STBB)، نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔