• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی فوج نے صمود فلوٹیلا پر حملہ کردیا، متعدد کارکن گرفتار

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کردیا، فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق اسرائیلی اہلکار قافلے میں شامل دو جہازوں میں داخل ہوگئے ہیں ، متعدد ارکان کو اسرائیلی فوجیوں نے حراست میں لے لیا ہے۔فلوٹیلا پر موجود افراد کے مطابق اسرائیلی فوج نے ’الما‘ اور ’سائرس‘ نامی کشتیوں کو گھیر لیا ہے۔صمود فلوٹیلا میں شامل تقریباً 150کشتیوں میں انسانی حقوق کے 500کارکن سوار ہیں جن میں انسانی حقوق کی سوئیڈش کارکن گریٹا تھانبرگ بھی شامل ہیں ، صمود فلوٹیلا پر پاکستانی وفد بھی موجود ہے جس کی قیادت سابق سینیٹر مشاق احمد خان کررہے ہیں۔ کشتیوں کے غزہ کے قریب پہنچنے پر، صمود فلوٹیلا نے جہازوں پر سوار افراد کی حفاظت کے لیے لائیوویڈیو شروع کردی تاہم اسرائیلی فوجی اہلکار کشتیوں اور جہازوں پر سوار ہونا شروع ہوگئے، انہوں نے کیمرے بند کروادیئے اور کشتیوں میں سوار انسانی حقوق کے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کردیا۔ اسرائیل نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رضاکار "ایک قانونی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی" کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن بین الاقوامی قانون انسانی امداد کو گزرنے کی اجازت دینے کے بارے میں واضح ہے۔اٹلی کی سب سے بڑی یونین نے اعلان کیا ہے کہ وہ صمود فلوٹیلا کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کے خلاف احتجاج کے طور پر جمعہ کو عام ہڑتال کی کال دے رہی ہے۔اس سے قبل، اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے کہا تھا کہ انہیں ان کے اسرائیلی ہم منصب کی طرف سے یقین دلایا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج فلوٹیلا پر کسی قسم کا تشدد استعمال نہیں کریں گی۔اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانچیسکا البانیز اور کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے مطالبہ کیا ہے کہ فلوٹیلا کو بغیر کسی نقصان کے آگے بڑھنے دیا جائے۔امریکی شہری اور کارکن لیلیٰ حجازی، جوصمود فلوٹیلا میں شامل کشتیوں میں سے ایک پر سوار ہیں، نے سوشل میڈیا پر ایک پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کی یہ ویڈیو شیئر کرنے کا مطلب ہے کہ انہیں "اسرائیلی قابض افواج نے اغوا کر لیا ہے اورانہیں اپنی مرضی کے برخلاف اسرائیل لے جایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ "میں آپ سب سے درخواست کرتی ہوں کہ امریکی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی میں اپنی شراکت کو ختم کرے اور اس کے ساتھ ساتھ اس مشن پر موجود ہر انسانی ہمدردی کے کارکن کی بحفاظت واپسی کو بھی یقینی بنائے۔"اس سے قبل گلوبل صمود فلوٹیلا کے منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اپنے جہازوں پر ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔اسرائیلی بحریہ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلوٹیلا کو ریڈیو کے ذریعے خبردار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید