پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور کے انسٹی ٹیوٹ آف پیرا میڈیکل سائنسز کے شعبہ امراض قلب اور کارڈیک پرفیوژن یونٹ کے زیر اہتمام عالمی یوم قلب کے سلسلے میں آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس سال کا عالمی عنوان’’ڈونٹ مس اے بیٹ‘‘ تھا، جس کا مقصد امراض قلب سے متعلق آگاہی فراہم کرنا اور تعلیم، تحقیق و علاج کے ذریعے بچاؤ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرحکمت اللہ جان نے بلڈ پریشر کے مؤثر کنٹرول اور مریضوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ امراض قلب کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔ پروفیسرڈاکٹر عنبر اشرف، چیئرپرسن شعبہ امراض قلب خیبر ٹیچنگ ہسپتال نے عالمی یوم قلب کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی اور پرائمری پی سی آئی کے کامیاب کیسز پر مشتمل تجربات بیان کئے۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر کیتھ لیب پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے امراض شریان قلب کی روک تھام کیلئے طرز زندگی میں بہتری اور بروقت تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ کے ایم یو ہسپتال کے ایم ڈی ڈاکٹر امجد علی نے اپنے خطاب میں کے ایم یو ہسپتال کے امراض قلب کی روک تھام اور تحقیق میں کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی خطے میں دل کی صحت کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نےاپنے خطاب میں کہا کہ کورونری شریانوں کی بیماریوں سے بچاؤ اور صحتمند معاشرے کے قیام میں امراض قلب کے اسباب اور بچاؤ سے متعلق عوامی آگاہی بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر تین میں سے ایک پاکستانی کاامراض قلب میں مبتلا ہونا قومی چیلنج ہے جس کا مقابلہ شعور اور آگاہی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔