پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائی کورٹ نے عدالتی احاطے میں موبائلز سگنلز کی معطلی کے خلاف دائر درخواست پر متعلقہ حکام کو مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے 14 روز میں رپورٹ طلب کرلی۔ کیس کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔سماعت شروع ہوئی تو عدالت میں بار ایسوسی ایشنز کے صدور امین الرحمن اور قیصر زمان ایڈووکیٹس ، ریجنل ڈائریکٹر پی ٹی اے اور جنرل منیجر این آر ٹی سی پیش ہوئے۔ سماعت شروع ہوئی تو وکلاء نے عدالت کوبتایا کہ سنٹرل جیل پشاور میں جیمرز نصب کئے گئے ہیں جس کے باعث پشاور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں سنگلز کا مسئلہ ہے ۔جنرل منیجرل این آر ٹی سی نے عدالت کو بتایا کہ سگنلز کو بلکل محدود کرنا ہمارے ہاتھ میں نہیں، اس کو کچھ حد تک بہتر کرسکتے ہیں، جسٹس سید ارشدعلی نے کہا کہ آپ لوگوں نے پشاور بار کو چھوڑ کر اکیلے میٹنگ کر لی ان کی شکایات کو نہیں سنا، جنرل منیجرل این آر ٹی سی نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے نے جیمرز کی تعداد زیادہ کرنے اور پاور کم کرنے کا کہا ہے، فاضل بنچ نے انہیں ہدایت کی کہ آپ سب آپس میں بیٹھ جائیں اور مسئلہ کو حل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کریں عدالت نے متعقلہ حکام سے 14 روز میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔