پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے توانائی انجینئر طارق سدوزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں مساجد و عبادت گاہوں کی شمسی توانائی پر منتقلی صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، جسے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گاتاکہ عوام اس کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نیضلع کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے موقع پر مختلف مساجد اورعبادتگاہوں میں محکمہ پیڈوکی جانب سے شمسی توانائی پرمنتقلی کے جاری منصوبوں کاجائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ پراجیکٹ ڈائریکٹر سولرائزیشن اسفندیار خان، پیڈو کی ریجنل منیجر (جنوب) انجینئر ثنا وحید سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی انجینئر طارق سدوزئی نے ضلع کوہاٹ میں شمسی توانائی پرمنتقل کی گئی مساجد میں نصب شمسی توانائی کے آلات اورکام کابغورجائزہ لیا اوراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے پراجیکٹ حکام کو باقی ماندہ کام ایک ماہ کے اندرہرصورت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے پیڈو حکام کوشمسی توانائی کے منصوبوں کی مانیٹرنگ تیزکرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ اس دوران وہ مقامی افراد سے ملے اور ان سے منصوبے کے ثمرات کے حوالے سے ان کی آراء حاصل کیں۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں سولرائزیشن منصوبے کے تحت مذکورہ اضلاع میں منصوبے پر جاری پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل اور معیاری آلات کی تنصیب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ صوبائی حکومت کے اس اہم فلیگ شپ منصوبے سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں۔طارق سدوزئی نے مزید بتایا کہ پیڈو کے تحت اسکولوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں۔