پشاور (نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور عصمت اللہ وزیر نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف اختجاج کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کرنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت دیگر افراد کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے دائر درخواست پر سماعت ملتوی کردی اور پولیس سے تفصیلی رپورٹ مانگ لی۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا کی 22 اے کی درخواست پر سماعت کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 26 مئی 2025 کو پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کیخلاف کریک ڈاؤن کیا اور انکے پرامن مارچ کو نقصان پہنچایا حالانکہ وہ پرامن مظاہرہ کر رہے تھے اور اس حوالے سے ان کیخلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ۔ اسکے ساتھ ساتھ پولیس کا موقف ہے کہ انہوں نے شیلنگ اور لاٹھی چارج نہیں کی۔ انہوں نے عدالت کوبتایا کہ 22 اے کی درخواست جو ہم نے کی ہے اس میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا جائے جبکہ ایس ایچ او شرقی نے عدالت کوبتایا کہ قانون کے مطابق ایک واقعے کی دو ایف آئی آر نہیں ہو سکتی اور پہلے ہی اسکی ایف آئی آر درج ہوئی جس پر گوہر رحمان خٹک نے عدالت کوبتایا کہ اگر متعلقہ پولیس 22اے میں نامزد ملزمان کو اس کیس میں شامل کرتی ہے تو انہیں اعتراض نہیں تاہم اس ضمن میں انہیں عدالت میں جامع رپورٹ جمع کرنا ہوگی جس پر عدالت نے مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے پولیس سے جواب طلب کرلی۔