کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں چوکیدار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق گارڈن جماعت خانہ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 65 سالہ عبدالبخش ولد انداز زخمی ہوگیا ، زخمی زیر تعمیر عمارت کا چوکیدار ہے، ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ بھتے کا شاخسانہ ہے،پولیس نے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار بھتہ خور عمارت کے چوکیدار کو بھتے کی پرچی دینے کے بعد فائرنگ کرکے فرارہوگئے ، بھتہ کی پرچی پرلکھے گئےغیر ملکی موبائل فون پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے، بھتے کی پرچی لیاری گینگ وارکے بہادرپی ایم ٹی کی جانب سے زیر تعمیرعمارت کے مصطفیٰ نامی بلڈرکو دی گئی ہے،علاوہ ازیں سپر ہائی وے نیوسبزی منڈی جنجال گوٹھ پختون چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 4 5 سالہ شیر زمین ولد مغل زخمی ہوگیا، لیاری میراں ناکہ مرغی والی گلی کے قریب گھر میں فائرنگ سے 23 سالہ مہر علی ولد محمد خیر زخمی ہو گیا،پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی تنازع پر پیش آیا، کورنگی ساڑھے تین نمبر میں نامعلوم سمت سے آ کر گولی لگنے سے 20 سالہ شیراز ولد سلیم زخمی ہو گیا ۔