کراچی(اسٹاف رپورٹر)اہل غزہ کو امدادی سامان خوراک و ادویہ پہنچانے والے کشتیوں کے قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیل کے حملے کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت جمعرات کو نمائش چورنگی پر ہونے والا مظاہرہ مارچ میں تبدیل ہو گیا، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں شرکاء نے نمائش چورنگی تا سی بریز تک پیدل مارچ کیا،ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد امن معاہدے کو مسترد اور گلوبل صمود فلوٹیلاکے شرکاء کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی گئی،امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب اسرائیل نے کھلی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ٰنے اعلان کیا ہے کہ جمعہ کے روز پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، عوام کو بیدار کیا جائے گا کیونکہ ہمارے حکمران امریکا کے آگے گرے جارہے ہیں۔