ملتان (سٹاف رپورٹر) غلہ منڈی ملتان میں ایک مرتبہ پھر کسٹم حکام اور پولیس کی جانب سے سمگلنگ کے خلاف مشترکہ کارروائی کی گئی، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی سمگل شدہ ،غیر قانونی اور ممنوعہ اشیاء کی بھاری مقدار برآمد کر لی گئی۔ گزشتہ شب آپریشن کے دوران غلہ منڈی کو چاروں اطراف سے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تاکہ کسی بھی شخص یا گاڑی کو اندر داخل یا باہر جانے سے روکا جا سکے۔ آپریشن کے آغاز سے قبل غلہ منڈی کے مرکزی دروازے پر سمگلنگ میں ملوث تاجروں اور ان کے حامیوں نے کسٹم اہلکاروں اور پولیس پر شدید پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں کارروائی کچھ وقت کے لیے روک دی گئی۔ تاہم بعد ازاں اضافی نفری طلب کر کے ٹیموں نے ایک بار پھر کارروائی کا آغاز کیا اور منڈی کے مختلف گوداموں، دکانوں اور اسٹورز کی تلاشی لی۔.