راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) 3دنوں کے دوران 21ہزار 500سے زیادہ شہریوں نےراولپنڈی ٹریفک پولیس کی لائسنسنگ سروسز سے استفادہ کیا، سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم کے احکامات پر راولپنڈی ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ سینٹرز24گھنٹے شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے راولپنڈی لائسنسنگ سینٹرز کا رخ کر لیا۔گزشتہ 3دن کے دوران 21ہزار 5سو سے زائد شہریوں کو لائسنسنگ سروسز فراہم کی گئیں ،شہریوں کی سہولت کے لیے راولپنڈی ٹریفک ہیڈ کوارٹر سمیت 15لائسنسنگ سینٹرزمیں شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،رش کے پیش نظر ٹریفک ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں 24گھنٹے لائسنسنگ سروسز کی فراہمی کا عمل جاری ہے جبکہ گوجر خان، کلر سیداں، ٹیکسلا سمیت راولپنڈی کے 3مقامات پر ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی لیے جا رہے ہیں،دور دراز سے تعلق رکھنے والے شہریوں کیلئے پولیس موبائل خدمت وین کے ذریعے بھی سہولیات فراہم کی جاری ہیں،ڈی ایل آئی ایم ایس آن لائن پورٹل کے ذریعے شہری گھر بیٹھے نئے لرنرکے اجراء،تجدید لائسنس اورانٹرنیشنل سمیت کئی دیگرکئی سروسز سے مستفید ہو رہے ہیں۔