راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تین روزقبل اپنے بھتیجے کوموت کے گھاٹ اتارنے والے ملزم نے ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کرکے بھائی اور دوسرے بھتیجے کوقتل کردیا،ملزموں کی فائرنگ سے پولیس انسپکٹر اور کانسٹیبل زخمی ہوگئے ،افسوس ناک واقعہ تھانہ پیرودھائی کے علاقہ صفدر آباد میں پیش آیا،پولیس کاکہنا ہے کہ29ستمبر کو صفدرآباد میں شیرافضل نے اپنے حقیقی بھتیجے 24سالہ علی احتشام عرف شیرپنجاب کو پہلے ہتھوڑا اٹھا کر سر پر مارا اور بعدازاں ٹوکے سے اس کی شہ رگ کاٹ دی جس علی احتشام انہی ضربات کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہو گیا تھا،پولیس نے قتل کی ایف آئی آر مقتول کے بھائی علی واحدکی مدعیت میں درج کی تھی ،جمعرات کو مدعی علی واحد اور اس کے والدمحمد سرور کی نشان دہی پر پولیس پارٹی صفدر آباد میں ملزم کی گرفتار ی کے لئے گئی ،تو ملزم شیرافضل نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کردی جس سے علی واحد اور اس کاوالد محمدسرور جاں بحق ہوگئے ،جب کہ ایچ آئی یو پیرودھائی کے انسپکٹر مرزا عارف اور کانسٹیبل نعمت اللہ شدید زخمی ہوگئے ، واقعہ کی اطلاع پر قریبی تھانوں سے پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر طلب کرلی گئی ،ملزمان کی گرفتاری کے لیے جائے وقوعہ کو کارڈن کیا گیا ۔ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔