راولپنڈی(نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر سردار منظر بشیر کی زیرصدرت اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ روز ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا، انہوں نے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے پر امن ماحول میں اپنے جائز حقوق کے لئے جاری جدوجہد کے دوران انٹر نیٹ و موبائل سروسز کی معطلی عوامی مشکلات میں مزید اضافہ اور عوام و ریاست کے درمیان فاصلے بڑھا رہی ہے، آزاد جموں و کشمیر کے حالات صبروتحمل اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے متقاضی ہیں، قومی سلامتی کے اداروں نے ساری خرابیوں کو بھارتی سازش سے جوڑ ا ہے۔ آج کشمیر لہو لہان ہے اور اس خون کا حساب کون دیگا، تشدد، گھیراؤ جلاؤ، لاک ڈاؤن، طاقت کا استعمال کوئی مسئلہ حل نہیں کرے گا، وزیر اعظم پاکستان، وفاقی حکومت، حکومت آزاد جموں و کشمیر، سیاسی جماعتیں، قیادتیں اور آزاد جموں و کشمیر بار کونسل اور ایکشن کمیٹی مل کر بیٹھیں جب تک مسائل نہیں سلجھتے مسلسل بات کریں۔ دریں اثنا راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر سردار منظر بشیر اور جنرل سیکرٹری ملک اسد محمود گرفتار وکلاء سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔