اسلام آباد(کامرس رپورٹر )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایران ، روس اور افغانستان کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے میکنزم میں وزارت تجارت کے ترمیمی ایس آر او کے مسودہ کی منظوری دے دی ،ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، ای سی سی نے مختلف وزارتوں اور محکموں کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کے اجرا ء کی بھی منظوری دی ، نیویارک میں پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی مالی معاونت کےلیے بھی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور، ای سی سی نے اسلام آباد میں ڈیفنس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول میں مکینوں کو معاوضہ کی نقد ادائیگی کیلئے چار ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی جبکہ باقی رقم کا انتظام سی ڈی اے کا ادارہ کرے گا، چار ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کاانتظام وزارت خزانہ کرے گی ، ای سی سی نے ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے وزارت داخلہ کےلیے 20ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی ، کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ یہ فنڈز وزارت خزانہ ،وزارت داخلہ کے ساتھ مشاورت سے ضرورت کے مطابق مرحلہ وار جاری ہونگے ۔