• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج کرنیوالےمقبوضہ کشمیر کی 3 نسلوں کی قربانیوں پر غور کریں، خواجہ آصف

اسلام آباد (نیو زرپورٹر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والےمقبوضہ کشمیر کی تین نسلوں کی قربانیوں کی داستان پر غور کریں، کشمیری عوام کو جو کچھ پاکستان میں میسر ہے اس کا عشر عشیر بھی مقبوضہ کشمیر کے لوگ تصور نہیں کر سکتے،کشمیری عوام کو اپنی جدوجہد آزادی کی لازوال قربانیوں کو سامنے رکھنا چاہیے، آزاد کشمیر میں اس وقت جو حضرات احتجاج کر رہے ہیں ا سکے فائدہ یا نقصان ۔درست یا غلط کی بحث میں جائے بغیر صر ف ان احتجاجی حضرات سے درخواست ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی تین نسلوں کی قربانیوں کی داستان پر غور کریں ۔یہ بات وفاقی وزیر دفاع نے اپنے ایکس اکائونٹ پر جاری بیان میں کہی۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی جدوجہد آزادی کی لازوال قربانیوں کو سامنے رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو جو کچھ پاکستان میں میسر ہے اس کا عشر عشیر بھی مقبوضہ کشمیر کے لوگ تصور نہیں کر سکتے۔خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی تاریخ خون سے لکھ رہے ہیں، ایک نسل نے جیلوں میں جوانی گزاری اور بڑھاپے میں قدم رکھا، ہزاروں کشمیری پھانسی کے پھندوں پر جھول گئے، سینوں پر گولیاں کھائیں اور پاکستان سے محبت کی ہر روز قیمت ادا کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جنگوں میں شہید ہونے والے فوجیوں میں پنجابی، پختون، بلوچ، سندھی، گلگتی اور بلتی سب شامل ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا وجود دائو پر لگایا ہے اور آئندہ بھی لگائے گا کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے انتخابی حلقے سیالکوٹ میں کشمیری مہاجرین کی بڑی تعداد آباد ہے۔ اکتوبر 1947ء میں جموں سے سیالکوٹ بارڈر کراس کرتے ہوئے ایک لاکھ کشمیری مسلمان شہید ہوئے، ہزاروں خواتین کی عصمت دری ہوئی اور ہزاروں اغواء کر لی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بجوات، حاجی پورہ اور پکا گڑھا کیمپ کے ہر گھر میں ایسے لوگ بستے ہیں جنہوں نے پاکستان سے محبت کی قیمت جانوں سے چکائی ہے۔
اہم خبریں سے مزید