• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہروں کے معاملہ پر لوگوں کو سڑکوں پر نکالا گیا، کیا یہ صوبائیت نہیں، مریم نواز

لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نہروں کے معاملہ پر لوگوں کو سڑکوں پر نکالا گیا کیا یہ صوبائیت نہیں، پنجاب پر آفت کے وقت ترجمانوں نے تین تین پریس کانفرنس کرکے ہمارا مذاق اڑایا، زخموں پر نمک چھڑکا گیا، آصف زرداری بہت محترم، بلاول میرے چھوٹے بھائی لیکن مجھے دکھ ہوا، پنجاب اپنے آبی ذخائر کے ساتھ کیا کرتا ہے؟ یہ پنجاب کا مسئلہ ہے ، نہری اصلاحات کو سیاسی معاملہ نہیں بنانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب اور نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے اپنے پیسوں سے نہریں نکالنی تھیں لیکن سی سی آئی میں اجازت نہیں دی گئی ، بعد میں پنجاب کیخلاف احتجاج کروایا گیا، کیا یہ صوبائیت نہیں؟ وہ پنجاب کے حق کی بات نہیں کریں گی تو کون کریگا ، پنجاب پر بات کرینگے تو جواب ملے گا ، زوردار جواب ملے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی پہلی میٹروبس، اورنج ٹرین اور الیکٹرک بس لاہور میں بنی، لاہور کو مزید 40بسوں کا تحفہ دینے آئی ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ دسمبر میں مجموعی طور پر 70 الیکٹرک بسیں لاہور پہنچ جائیں گی، عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان خواتین کے سر کا دوپٹہ، مردوں کے سر کی پگڑی ہے، آفت آئی تو پنجاب کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا، پنجاب میں تاریخ کا بدترین سیلاب آیا، سندھی ، بلوچی یا خیبرپختونخوا کے عوام ہوں ، وہ بھی میرے عوام ہیں، میرے بہن بھائی ہیں۔ اُنکا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہم پاکستانی پھر سندھی ، بلوچی ، پنجابی اور پٹھان ہیں۔

اہم خبریں سے مزید