کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر میں سراپا احتجاج عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے،حکومتی مذاکرات کمیٹی کے ارکان ، وفاقی وزراء احسن اقبال ، طارق فضل چوہدری اور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت اور آزاد کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے پر دستخط جلد ہوجائیں گے ،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور آزاد کشمیرعوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے پراصولی اتفاق رائے ہو گیا ہے ، جلد ہی اس پر باضابطہ دستخط بھی کر دیئے جائیں گے،یہ جیت آزاد کشمیر اور جمہوریت کی ہے، حکومت نے وزیرامور کشمیر کی نگرانی میں ایک مستقل کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو ہر 15 دن بعد اجلاس منعقد کرے گی اورعوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی،رانا ثناءاللہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات مان لئے گئے ہیں ، مہاجرین کی 12نشستوں کے معاملے پر آئینی ماہرین کی کمیٹی بنائی جائے گی ، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ عجلت میں کی گئی یہ چیزیں ہمارے کشمیر کاز کو نقصان پہنچائیں گی۔