کراچی( افضل ندیم ڈوگر) عراق کے شہر بصرہ سے بھارتی دارالحکومت دہلی کی پرواز نے فنی خرابی پر کراچی میں 2 بار ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عراقی ایئر ویز کی پرواز آئی اے 445 بصرہ سے دہلی جا رہی تھی کہ بحیرہ عرب پر پرواز کے دوران بوئنگ 737 طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی اجازت ملنے پر پائلٹ نے طیارے کو دوپہر ایک بجے کراچی لینڈ کرایا۔ انجینیئرز نے معائنے کے بعد طیارے کو سوا 3 بجے منزل کے لیے روانہ کر دیا۔ پرواز سکھر کے قریب پہنچی تو طیارے میں پھر فنی خرابی پیدا ہوئی۔ جس پر اے ٹی سی کراچی کو آگاہ کرکے پائلٹ پرواز کو دوبارہ کراچی لے آیا۔ طیارے نے شام 5 بجے کراچی ایئرپورٹ پر باحفاظت لینڈنگ کی۔ فنی خرابی دور کرکے پرواز کو رات پونے 8 بجے دہلی کے لیے روانہ کر دیا گیا جو باحفاظت منزل پر لینڈ کر گئی۔