اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں آزاد کشمیر میں مذاکرتی عمل کی کامیابی کا اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہے، وزیراعظم نےمذاکراتی کمیٹی کے اراکین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی انفرادی اور اجتماعی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، وزیراعظم نے بھرپور شاباش دی ہے۔وزیر اعظم نے اسے "پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی بڑی کامیابی" قرار دیا اور کہا کہ امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آ جانا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سازشیں اور افواہیں آخر کار دم توڑ گئیں اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے الحمدللہ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مذاکرات کی کامیابی پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا اور امن کے قیام پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔