راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے گزشتہ روز ہائی کورٹ روڈ راولپنڈی پر آپریشن کیا اور نجی کالونی گیٹ پر قائم غیر قانونی پراپرٹی آفس اور ہوٹل مسمار کر دیا۔ پراپرٹی مالک نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر ضروری منظوری اور این او سی حاصل کیے بغیر غیر قانونی تعمیرات کی تھیں۔ آر ڈی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی رہائشی و کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر کارروائی جاری رکھیں۔ انہوں نے بلڈنگ کنٹرول ونگ کو یہ بھی ہدایت دی کہ غیر قانونی عمارتوں کی فیس و چارجز کے حوالے سے تفصیلی سروے کیا جائے، کمرشلائزیشن اور تکمیلی نقشہ جات کی جانچ کی جائے اور غیر قانونی رہائشی و کمرشل عمارتوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق ریگولرائز کیا جائے۔