کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین مبینہ مقابلوں کے دوران تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری کے علاقے 4-جے اسٹاپ کے قریب سروس روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت علی جان اور دوست محمد کے ناموں سے ہوئی جبکہ تیسرے گرفتار ملزم کا نام بخت محمد بتایا گیا ہے، پولیس کے مطابق ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستول ، چھ موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی، ضلع ویسٹ کے علاقے مولا کریم گوٹھ، سرجانی ٹاؤن میں بھی پولیس کا مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا، ایس ایس پی ویسٹ طارق الہیٰ مستوئی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہدایت عرف راجہ زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا، پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، دو موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔