کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں عالمی یوم اساتذہ کے موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ملک میں اساتذہ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس وقت تعلیم کا شعبہ پاکستان میں سب سے زیادہ نظرانداز شدہ شعبہ بن چکا ہے، اساتذہ اپنی تنخواہوں اور پنشن کے حصول کے لیے سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اساتذہ کی عزت کرتی ہیں، حال ہی میں سندھ بھر کے اسکول کئی دنوں تک بند رہے کیونکہ اساتذہ حکومت کی غیر منصفانہ تنخواہوں اور پنشن پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے۔ جامعہ کراچی جیسے ملک کے بڑے تعلیمی ادارے کی حالت بھی ابتر ہو چکی ہے۔ درجنوں ریٹائرڈ اساتذہ پنشن کی ادائیگی کے انتظار میں دُنیا سے رخصت ہو گئے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی ،انہوں نے کہا کہ ایک جانب سرکاری اسکولوں میں بدعنوانی نے جڑیں پکڑ لی ہیں تو دوسری جانب نجی تعلیمی اداروں کو تیزی سے کمرشلائز کیا جا رہا ہے۔