ملتان(سٹاف رپورٹر ) صدر کونسلر اتحاد ضلع ملتان حاجی محمد یوسف انصاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں 2015 کے بعد آج تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے جو جمہوریت کے تسلسل پر سوالیہ نشان ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر عہدے داروں ڈاکٹر محمد اکرم شاہ، بلال آہیر، مخدوم غلام علی جمالی، محمد علی قریشی، حافظ نظر حسین روانی، احسان علی قریشی، محمد طلحہ انصاری، مختار حسین، عابد سہو، محمد امین بابر اور اشفاق محمود خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل تنظیم لوکل کونسلر ایسوسی ایشن (LCA) کا ممبر ہے اور اس تنظیم کا منشور واضح کرتا ہے کہ مقامی حکومتوں کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، پنجاب ملک کا سب سے کماؤ صوبہ ہے، مگر یہی واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی ادارے غیر فعال ہیں، جب کہ دیگر تینوں صوبوں میں نظام بلاتعطل چل رہا ہے، حکومت پنجاب آئے دن بلدیاتی نظام کے حوالے سے دعوے اور اجلاس تو کرتی ہے، مگر انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری نہیں کیا جاتا ،انہوں نے مزید کہا کہ عدالتِ عالیہ، الیکشن کمیشن اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی بلدیاتی الیکشن کروانے کی ہدایت کر چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود عملی اقدام نہ ہونا باعثِ تشویش ہے،پنجاب کے عوام صفائی، نکاح رجسٹریشن اور کردار کے سرٹیفکیٹس جیسے بنیادی مسائل کے لیے گریڈ 16 کے افسران یا ارکان اسمبلی کے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔،ڈاکٹر محمد اکرم شاہ، بلال آہیر، مخدوم غلام علی جمالی، محمد علی قریشی، حافظ نظر حسین روانی، احسان علی قریشی، محمد طلحہ انصاری، مختار حسین، عابد سہو، محمد امین بابر اور اشفاق محمود خان بھی موجود تھے۔