کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمنٰ کی اپیل پرمنگل 7اکتوبر کوحماس کے طوفان الاقصیٰ کے2 سال مکمل ہونے اور اسرائیل کے خلاف عالمی یوم احتجاج کے سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر میں صبح11بجے سڑکوں پر نکل کر احتجاج ہوگا، امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کی مذمت اور اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا جائے، طلبہ، وکلاء، تاجر اور علماء کرام سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شرکت کرینگے ، دریں اثناء منعم ظفر خان نے اتوار کو شارع فیصل پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ مارچ“ کی کامیابی اور مارچ میں شہریوں کی لاکھوں کی تعداد میں شرکت پر اہل کراچی کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ کراچی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے یہ شہر امت ِ مسلمہ کادھڑکتا ہوا دل ہے، کراچی کے مرد و خواتین، نوجوان، بزرگوں، بچوں، طلبہ و طالبات،اساتذہ کرام،علماء کرام، تاجر، مزدور ومحنت کشوں، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز نے شاہراہ فیصل پر جمع ہو کر اتحاد ِ امت کا بھر پور اظہار کیا اور انبیاءؑ کی سر زمین فلسطین پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ مسترد کر دیا ہے اور پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ عوام حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ کے ساتھ ہیں، فلسطین کا دو ریاستی حل کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، بانی ِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا موقف بھی ہمیشہ یہ ہی رہا ہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کا قومی اور اُصولی موقف بھی یہ ہی ہے اور اس سے انحراف کرنے والا غدار تصور کیا جائے گا۔