راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ معرکہ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گرا سکا، پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں، چینی ہتھیار توقعات پر پورا اترے، پاک فضائیہ نے چینی ساختہ پی ایل-15 میزائل کا کامیاب استعمال کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا ہماری فوجی ترقی کی حکمتِ عملی ہمیشہ موثر اور کارآمد نظاموں اور پاکستانی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے پر مرکوز رہی ہے۔غیر ملکی جریدے بلومبرگ کو انٹرویو میں پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی بھی اعداد و شمار اور حقائق سے کھیلنے یا چھپانے کی کوشش نہیں کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ پاکستان مشرق اور مغرب دونوں سے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرتا ہے، اپنی اندرونی صلاحیتوں کو بھی مضبوط کر رہا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بلومبرگ کو بتایا کہ پاکستان کا دفاعی نقطہ نظر مسابقت کے بجائے تکنیکی کارکردگی اور عملی موثریت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوجی ترقی کی حکمتِ عملی ہمیشہ مثر اور کارآمد نظاموں اور ملکی پاکستانی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے پر مرکوز رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کیلئے تیار ہے، چاہے وہ مقامی طور پر تیار کی گئی ہو یا مشرق یا مغرب سے حاصل کی جائے، جو اسلام آباد کے دفاعی جدیدیت کے عملی موقف کو ظاہر کرتا ہے۔