• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی جسمانی اور ذہنی صحت میں بہتری کا سبب، تحقیق میں انکشاف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

امریکا اور جاپان میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شادی انسان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بناتی ہے۔

امریکا کی یونیورسٹی آف مشی گن اور سنگاپور مینجمنٹ یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق کے مطابق شادی سے لوگوں کی خوشی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے اور صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔

تحقیق میں امریکا اور جاپان کے تقریباً 5 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جن میں 3 ہزار 505 شادی شدہ اور 308 غیر شادی شدہ امریکی جب کہ 710 شادی شدہ اور 164 غیر شادی شدہ جاپانی شامل تھے۔

تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ شادی شدہ افراد نے غیر شادی شدہ افراد کے مقابلے میں پرسکون، صحت مند اور زیادہ بھرپور زندگی گزاری۔

تحقیق میں شامل شادی شدہ امریکی شرکاء نے بتایا کہ خاندان کا زیادہ تعاون ملنے کی وجہ سے ان کی خوشی میں اضافہ ہوا اور صحت بہتر ہوئی۔

اس کے برعکس، غیر شادی شدہ امریکیوں اور جاپانی شرکاء نے بتایا کہ ان کی خوشی سماجی اور خاندانی دباؤ کی وجہ سے متاثر ہوئی لیکن ان میں سے کچھ نے بتایا کہ انہوں نے اس طرح کے دباؤ کو اپنی زندگیوں پر اثر انداز نہیں ہونے دیا۔

غیر شادی شدہ امریکیوں نے یہ بھی بتایا کہ اکثر تنہائی کا احساس ہوتا ہے۔

 دوسری جانب، غیر شادی شدہ جاپانی افراد نے بتایا کہ وہ خاندانی دباؤ سے نمٹنے کے لیے مختلف طریقے اپناتے ہیں اور یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ پُرسکون رہنے کے لیے خاندان سے دوری بھی اختیار کر لیتے ہیں۔

تحقیق میں یہ دلچسپ بات بھی سامنے آئی کہ جاپان میں سماجی توقعات کی وجہ سے لوگ خاندانی دباؤ کو طویل عرصے تک برداشت کر لیتے ہیں لیکن محققین نے خبردار کیا کہ اس طرح کے دباؤ کا طویل عرصے تک سامنا کرنا بعد میں تنہائی یا پچھتاوے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

ماہرین صحت نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ غیر شادی شدہ افراد کو شادی شدہ افراد کی طرح کچھ فائدے مل سکتے ہیں لیکن وہ سماجی شناخت اور قبولیت کے معاملے میں اب بھی پیچھے ہیں۔

تحقیق کے نتائج میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایشیائی معاشروں میں غیر شادی شدہ افراد کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ ایشیا میں شادی کے بغیر ساتھ رہنا زیادہ تر قبول نہیں کیا جاتا۔


نوٹ: یہ معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید