کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ توانائی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےمحکمہ توانائی اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہےکہ جاری منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، دیہی اور صنعتی شعبوں کو بجلی کی مستحکم فراہمی یقینی بنائی جائے اور تھر کول کے ساتھ ساتھ قابلِ تجدید توانائی کو بھی فروغ دیا جائے۔ اجلاس میں وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر کول بلاک ون منصوبے میں اب تک 3 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جبکہ اس کے ذریعے 3 ہزار مقامی افراد کو روزگار ملا ہے، تھر کے علاقے میں ماحولیاتی توازن بہتر بنانے کے لئے 3 لاکھ 75 ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔ اجلاس میں صوبے کے بڑے توانائی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب تک بلاک ون سے 1 کروڑ 59 لاکھ 70 ہزار ٹن کوئلہ نکالا جا چکا ہے جس سے 21 ہزار 500 گیگاواٹ گھنٹے بجلی پیدا کی گئی جو قومی گرڈ میں شامل کی گئی ہے اور یہ بجلی تقریباً 40 لاکھ گھروں کو فراہم کی جا سکتی ہے۔