راولپنڈی (حافظ وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے میں سیف سٹی کی دیوار بھی زد میں آگئی ،کچہری چوک منصوبہ میں سڑک کی کشادگی کے لئے زد میں آنے والی عمارتوں پر پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نشانات لگادئیے گئے ہیں ایک جانب سیف سٹی راولپنڈی ،سول ڈیفنس اورلوکل گورنمنٹ آفس کاکچھ حصہ سڑک میں شامل ہوگا جس سے حال ہی میں تعمیر ہونے والی سیف سٹی مرکزکی دیوارایک بار پھر گرانی پڑے گی ،جب کہ نئے منصوبہ کے تحت پولیس لائن میں بنائی گئی راولپنڈی پولیس کے شہداء کی یادگار مسمار ہونے سے بچ گئی ہے سڑک کی توسیع میں اس جانب 5فٹ جگہ لی جائے گی جس سے یادگار شہداء ،پولیس لائن کا مرکزی گیٹ اور پٹرول پمپ کی جگہ سڑک کی کشادگی سے متاثر نہیں ہوگی ،ذرائع کاکہنا ہے منصوبہ کے لئے 36 کنال زمین درکار ہے، جس میں سے بیشتر سرکاری ملکیت ہے اس میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی،کمشنر آفس ، انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ ،سیف سٹی ،سول ڈیفنس ،لوکل گورنمنٹ ودیگر کی اراضی شامل ہے ۔