راولپنڈی (خبر نگار خصوصی ) واپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار ملازمین کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) نے بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رکھنے اور بھرپور مزاحمت کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔اس امر کا اظہار یونین قائدین نے واپڈا ملازمین کے کمپنی کی سطح پر ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں گذشتہ روز آئیسکو کمپلیکس مریڑ حسن کے سامنے سینکڑوں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سی بی اے کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی مالیاتی اداروں کی ایما پر ماضی کی اور موجودہ حکومت کی جانب سے آئیسکو جیسی بجلی کی منافع بخش کمپنیوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی جاری کارروائیوں کا سنجیدگی اور دانشمندی سے جائزہ لیں۔ قبل ازیں مری روڈ سے آئیسکو کمپلیکس مریڑ حسن تک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ریجنل سیکرٹری عمران خان، ڈپٹی چیئرمین طارق مسعود نیازی، جوائنٹ سیکرٹری شوکت خان، زونل چیئرمین کینٹ قمر فاروق کلیامی، عامر سہیل، زونل چیئرمین سٹی سردار زاہد زمرد، ملک حسنین ، زونل چیئرمین جی ایس او سرکل سردار وقار احمد خان، ملک سجاد اعوان، زونل سیکرٹری اسلام آباد قاسم رضا جعفری، عدنان ستی، پرویز اخترو دیگر عہدیداران سمیت سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔