• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ مریم نواز کا پوٹھوہار ریجن کیلئے 7ارب روپےکا زرعی ٹرانسفارمیشن پلان

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پوٹھوہار ریجن کیلئے 7 ارب روپے کے زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت راولپنڈی کے بعد ضلع اٹک میں بھی کاشتکاروں کو منی ڈیمز کی تعمیر کیلئے 70 فیصد سبسڈی کی معاونت کیلئے قرعہ انداذی ہوئی۔ مہمان خصوصی رکن پنجاب اسمبلی نوابزادہ چودھری شیر علی خان تھے۔ ضلع اٹک میں منی ڈیمز کی الاٹمنٹ کیلئے کل 168 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 35 خوش نصیب کاشتکاروں کے نام نکلے۔ ان میں سے تحصیل اٹک کے 08 کاشتکار، فتح جنگ کے 09، تحصیل پنڈی گھیب کے 9 اور تحصیل جنڈ کے 10 کاشتکار شامل ہیں۔ منصوبہ کے تحت 3 سالوں میں راولپنڈی ڈویژن میں 400 منی ڈیمز، 70 فیصد حکومتی سبسڈی پر تعمیر کر کے دیئے جائیں گے۔ زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت منصوبہ کے پہلے سال 100 جبکہ دوسرے اور تیسرے سال 150/ 150 منی ڈیمز تعمیر کیے جائیں گے۔ ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب نوابزادہ چودھری شیر علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کی ترقی و کاشتکار کی خوشحالی وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خطہ پوٹھوار میں کاشتکاروں کے لئے فصلوں کی آبپاشی ہمیشہ سے مسئلہ رہا ہے۔ اس لئے خطہ پوٹھوار میں منی ڈیمز کی تعمیر کے لئے ایک علیحدہ پیکیج کی ضرورت تھی۔
اسلام آباد سے مزید