کراچی (اسٹاف رپورٹر)یونیورسٹی روڈ پر گھات لگائے ملزمان کی فائرنگ سے 35سالہ قاری محمد انس عرف معاویہ کشمیری ولد عبدالحمید جاں بحق اور 33سالہ شاہد ولد محمد شریف زخمی ہو گیا، ملزمان اطمینان سے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس مختلف پہلوؤں پر تفتیش کررہی ہے، ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن چوہدری نواز کے مطابق عینی شاہدین نے پولیس کوبتایا ہے کہ مقتول موٹر سائیکل پر اپنے ساتھی کے ہمرا ہ مذکورہ مقام پر موبائل فون پر کسی سے بات کر رہا تھا کہ اس دوران عقب سے ایک ملزم پیدل آیا اور اس نے مقتول اور اس کے ساتھی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ،مقتول سر پر گولی لگنےسے موقع پرجاں بحق ہو گیا ،انہوں نے بتایا کہ پولیس کوجائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے پانچ خول جبکہ مقتول کا موبائل فون ،نقد رقم اور موٹرسائیکل بھی ملی ہے ، مقتول محمد انس اور زخمی شخص شاہد بلدیہ ٹاوؤن کے رہائشی اور بلدیہ ٹاؤں میں مدرسے میں بچوں کو دینی تعلیم دیتے تھے،دریں اثنا ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق مقتول قاری محمد انس معاویہ کشمیری بلدیہ ٹاؤن یوسی 12کے سیکریٹری اطلاعات تھے۔