پشاور ( لیڈی رپورٹر )بیکرز ایسوسی ایشن نے پنجاب سے آٹے اور میدے کی ترسیل پر مسلسل پابندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر سپلائی فوری طور پر بحال نہ کی گئی تو صوبے بھر میں بیکری مصنوعات کی تیاری مکمل طور پر بند کر دی جائے گی، پشاور چیمبرز بیکرز ایسوسی ایشن اسٹینڈنگ کمیٹی چیرمین اشفاق خان اور صدر حاجی وارث خان نے پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز میں ہونے والے اجلاس میں یونین عہدیداروں کی مشاورت سے کیا، اجلاس کی صدارت چیمبر کے صدر شکیل احمد خان صراف نے کی جبکہ بیکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور اس پیشے سے وابستہ افراد نے کثیرتعدادمیں شرکت کی، اشفاق خان نے کہا کہ بیکری مصنوعات کی تیاری میں بنیادی جز معدہ ہے جس کی ترسیل پر پابندی کے باعث صوبے میں شدید قلت پیدا ہوچکی ہے، میدہ نایاب ہونے سے اس کی قیمت کئی گنا بڑھ گئی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مصنوعات کے ریٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ بیکری مالکان نے اب تک مزدوروں اور صارفین کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے بوجھ خود برداشت کیا، لیکن موجودہ صورتحال میں کاروبار چلانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔