پشاور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام 70ویں نیشنل ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ 15 سے 17 نومبر کو لاہور میں منعقد ہوگی جس میں سینئر اور جونیئر کے ایونٹ میں مرد اور خواتین سائیکلسٹس حصہ لیں گے۔ ایونٹ کا مقصد مسابقتی سائیکلنگ کو فروغ دینا، نئے ٹیلنٹ کی نشاندہی کرنا اور کھیل میں پاکستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ تمام الحاق شدہ یونٹس کو کہا گیا ہے کہ وہ ایونٹ سے قبل ضروری تیاری اور تربیتی کیمپ کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹریک چیمپئن شپ سالانہ کیلنڈر کا ایک اہم حصہ ہے،پی سی ایف مناسب وقت پر ایونٹ کا تفصیلی شیڈول جاری کرے گی۔ چیمپئن شپ کے دوران بہترین کھلاڑیوں کا چناؤ بھی کیا جائے گا تاکہ 2026 میں ایشین ٹریک چیمپئن شپ میں شرکت کرسکے۔