• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IMFشرط، بغیر جانچ پڑتال DDWPکے منصوبوں کی منظوری پر پابندی

اسلام آباد(مہتاب حیدر)حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے وزارتوں کی ڈپارٹمنٹل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈی ڈبلیو پی) کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ڈی ڈی ڈبلیو پی کو ایسے ترقیاتی منصوبے منظور کرنے کا اختیار حاصل ہوتا ہے جن کی لاگت ڈیڑھ ارب روپے تک ہو۔ اس سے پہلے یہ حد دو ارب روپے تھی جسے کم کر دیا گیا۔مرکزی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کو ساڑھے سات ارب روپے تک کے منصوبوں کی منظوری کا اختیار ہے، جبکہ اس سے زائد لاگت والے منصوبے ایگزیکٹو کمیٹی آف دی نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کو حتمی منظوری کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔آئی ایم ایف نے یہ پابندی اس لیے لگانے کو کہا کہ مختلف وزارتوں اور ان کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران نے مناسب جانچ پڑتال اور منصوبہ جاتی تجزیے کے بغیر ڈی ڈی ڈبلیو پی کی سطح پر منصوبوں کی منظوری دینا شروع کر دی تھی۔آئی ایم ایف پروگرام کے تحت منصوبہ بندی کی وزارت نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ ڈی ڈی ڈبلیو پی کے ذریعے منصوبوں کی منظوری پر پابندی لگائیں۔ اب تمام منصوبے منظوری کے لیے منصوبہ بندی کمیشن کی سی ڈی ڈبلیو پی کو بھیجے جائیں گے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق، نیشنل اکنامک کونسل (این ای سی) نے 4 جون 2025 کو ہونے والے اجلاس میں “وفاقی پی ایس ڈی پی 2024-25 کے جائزے اور مجوزہ پی ایس ڈی پی 2025-26” کے ایجنڈا آئٹم پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل تک ڈی ڈی ڈبلیو پی سطح کے منصوبوں کی منظوری پر عائد رہے گا۔متعلقہ وزارتیں یا ڈویژنز صرف انتہائی ضروری حالات میں اور مکمل جواز کے ساتھ منصوبوں کی منظوری کے لیے سی ڈی ڈبلیو پی سے رجوع کر سکیں گی۔
اہم خبریں سے مزید