• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان وزیر خارجہ دورے پر دہلی پہنچ گئے، تجارت اور سیکورٹی پر گفتگو متوقع

نئی دہلی ( جنگ نیوز)افغان طالبان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی 2021میں طالبان کے دوبارہ اقتدارمیں آنے کے بعد پہلی بار بھارت کے دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے۔ تجارت اور سیکورٹی امور پر گفتگومتوقع،تجزیہ کاروں کہنا ہے کہ بھارت اس موقع پر پاکستان اور طالبان کے درمیان دراڑ ڈالنےکی کوشش کرے گا۔دوسری جانب افغان پرچم کا معاملہ بھارتی حکام کیلئے آزمائش بن گیا، طالبان کاسفید جھنڈا لہرایا جائے یاسابق اسلامی جمہوریہ کا پرانا پرچم۔واضح رہے کہ امیر متقی کا یہ دورہ اقوامِ متحدہ کی خصوصی اجازت کے بعد ممکن ہوا اور اسے بھارت اور طالبان کے بڑھتے روابط کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔امیر خان متقی کی ملاقات بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے متوقع ہے، جس میں تجارت اور سیکورٹی امور پر بات چیت ہوگی، تاہم بھارت فی الحال طالبان حکومت کو باقاعدہ تسلیم کرنے کے موڈ میں نہیں۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور طالبان کے تعلقات کشیدہ ہیں اور ماہرین کے مطابق بھارت اس موقع کو افغانستان میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید