اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وفاقی وزیر برائےاسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد خان چیمہ نے کہا ہے کہ سر کاری ملازمین کی تعداد میں60فی صد کمی کرنے اور خاص طور پر نچلے گریڈ کے ملازمین کو ہدف بنا نے کی کوئی تجویز وفاقی حکومت کے زیر غور نہیں۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں بتائی۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 27اگست 2024کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا تھا کہ خالی ریگولر آسا میوں میں سے 60فی صد کو ختم کردیا جا ئے گایا ا یسی آسامیوں پر کام کرنے والے ملازمین کی ر یٹائر منٹ کے بعد ان پر دوبارہ تعیناتی نہیں کی جا ئے گی، اس فیصلہ پر عمل درآ مد جاری ہے۔خالی آسامیوں کے ختم کرنے سے کسی بھی ملازم کو بر طرف نہیں کیا گیا انہوں نے بتایا کہ سی ایس ایس کے خصوصی امتحان 2023 کے بعد کل 115آسامیاں خا لی ہیں۔ ان میں سے اوپن میرٹ کی ایک، خواتین کوٹہ کی 8اور اقلیتوں کے کوٹہ کی 106 آ سا میاں خالی ہیں، ان میں سے اوپن میرٹ کی سیٹ گلگت بلتستان کی ہے۔ خواتین کی نشستیں بلوچستان کی سات،سابقہ فاٹا کی ایک سیٹ ہے۔