کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت اور برطانیہ کے درمیان ایک بڑا دفاعی معاہدہ طے پا گیا۔ ممبئی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے 468ملین ڈالر (133ارب روپے 28 کروڑ) مالیت کے جنگی معاہدے پر اتفاق کیا۔ سمجھوتے کے تحت برطانیہ بھارتی فوج کو ہلکے وزن والے ملٹی رول میزائل فراہم کرے گا، برطانوی کمپنی تھیلز تیار کرے گی،جدید اور کثیر الجہتی میزائل بھارتی فوج کو فوری جواب دینے کے قابل بنائیں گے، یہ سمندر اور زمین دونوں جگہ استعمال کیے جاسکتے ہیں، اس سمجھوتے کے تحت برطانیہ بھارتی فوج کو ہلکے وزن والے ملٹی رول میزائل (Lightweight Multirole Missiles) فراہم کرے گا، جنہیں تھیلز (Thales) نامی برطانوی کمپنی تیار کرے گی۔برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے اس معاہدے کو اپنی دفاعی صنعت اور بھارت کے ساتھ بڑھتے ہوئے تذویراتی تعلقات کے لیے ایک تاریخی موڑ قرار دیا۔ یہ میزائل تھیلز کمپنی کے شمالی آئرلینڈ میں واقع پلانٹ میں تیار کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ بھارت کے پاس پہلے سے ہی متعدد قسم کے میزائل موجود ہیں، لیکن جدید، ہلکے وزن والے اور کثیر الجہتی میزائل بھارتی فوج کو فوری جواب دینے کے قابل بنائیں گے۔