کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر کی اطلاعات پر فروخت کا دباو ،مارکیٹ میں مندی کا رحجان برقرار ،کے ایس ای100انڈیکس میں 736 پوائنٹس کی کمی،ایک لاکھ 65ہزار کی حد بھی برقرار نہ رہی،54.88فیصدکمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی،سرمایہ کاری مالیت 84ارب 51کروڑ 46 لاکھ روپے کم ہو گئی،تاہم خریدو فروخت بڑھنے سے کاروباری حجم 23.19فیصد بڑھ گیا،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز پر تیزی دیکھنے میں آئی اور مالیاتی اداروں اور مقامی سرمایہ کاروں کی اہم سیکٹرز میں خریداری سے ایک موقع پر انڈیکس 1463پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا لیکن دوپہر کے بعد آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر کی اطلاعات پر سرمایہ کاروں میں بے چینی نظر آئی جس سے فروخت کا دباؤ بڑھ گیا اورانڈیکس 960پوائنٹس تک گھٹ گیاتاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 735.94 پوائنٹس کی کمی سے 165266.75 پوائنٹس سے کم ہو کر 164530.81پوائنٹس پر آکر بند ہوا۔