کراچی (اعجاز احمد /اسٹاف رپورٹر)ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر، سہولتوں کا فقدان، مسافروں کی ترجیح سڑک کا سفر۔ ملک میں ہوئی مون سون بارشوں کے بعد سے پاکستان ریلوے اب تک مکمل طور پر اپنی ریل گاڑیاں مقررہ اوقات پر بروقت نہیں چلا سکا ہے، اکثر ٹرینیں روزانہ گھنٹوں تاخیر سے کراچی پہنچتی ہیں، جس کے بعد ان کی روانگی میں بھی دیر ہوجاتی ہے، جب کہ مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث روزانہ کئی ریل گاڑیاں معطل یا منسوخ کردی جاتی ہیں، جن کے مسافروں کو دوسری ٹرینوں میں منتقل کیا جاتا ہے، اس صورت حال میں مسافروں کو کئی کئی گھنٹے اپنی مطلوبہ ٹرین کے انتظار میں کینٹ اور سٹی اسٹیشنزپر گزارنے پڑتے ہیں، جس کے نتیجے میں ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے افراد میں بے زاری بڑھتی جارہی ہے اور وہ بذریعہ سڑک پبلک ٹرانسپورٹ یا اپنی گاڑیوں میں سفر کرنے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔