کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں زیر سماعت مقدمے میں 18 سال بعد خاتون سابقہ شوہر سے نان و نفقہ لینے میں کامیاب ہوگئی۔فریقین 18 سال بعد عدالت کے روبرو معاہدے پر رضا مند ہوگئے۔عدالت نے سابقہ شوہر کو 25لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے حکم دیا کہ رقم پانچ اقساط میں اگلے سال تک ادا کی جائے۔خاتون نے نان و نفقہ کے لیے 2007میں کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ تاہم مدعا علیہان (defendant) کی عدم حاضری پر عدالت نے ڈکری جاری کردی تھی۔2016 میں درخواست گزار نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کے لئے درخواست دائر کی۔تاہم اتنے سال بعد درخواست دائر کرنے پر عدالت نے مسترد کردی۔بعد ازاں سیشن کورٹ اور ہائی کورٹ نے بھی اپیلیں مسترد کردیں۔اُسکے بعد 2018 میں خاتون نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔سپریم کورٹ نے اپیل منظور کرتے ہوئے نان و نقفہ دینے کا حکم جاری کیا۔