کراچی( اسٹاف رپورٹر )قائدآباد میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص زخمی ہو گیا،پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کی حدود شیر پائو کالونی عثمانیہ مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 25 سالہ صابر ولد سلطان نامی شخص زخمی ہو گیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث ایک ملزم حیدر زمان ولد محمد مسکین کو واردات میں استعمال ہونے والے اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتار ملزم نے بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ آپسی دشمنی کے نتیجے میں پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ کے پی کے سے 3 ملزمان حیدر زمان ، قدیر اور سرفراز زخمی ہونے والے صابر کو قتل کرنے کے لیے آئے تھے گرفتارملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ زخمی صابر نے 15 سال قبل مبینہ طور پر ان کےوالد کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا اورانھوں نے اپنے والد کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے صابر پرفائرنگ کی ۔پولیس کے مطابق ملزم کے دو مزید ساتھی بھی اس کے ساتھ شامل تھے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول اور ایمونیشن برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔