اسلام آباد/کراچی(اسٹاف رپورٹر/کامرس رپور ٹر ) وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ IMF کیساتھ مثبت مذاکرات رہے، کوئی بڑی رکاوٹ نظر نہیں آرہی،چند نکات باقی ، اتفاقِ رائے واشنگٹن میں ملاقاتوں کے دوران متوقع ،پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدہ اہم سنگ میل ہے ۔ پاکستانی معیشت کی ترقی میں نجی شعبہ قائدانہ کردار ادا کریگا ، پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سلامتی کا تاریخی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کے استحکام کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات مثبت رہے ، کوئی بڑی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی ، چند نکات باقی ہیں، جن پر اتفاقِ رائے واشنگٹن میں ملاقاتوں کے دوران متوقع ہے، پاکستان کی 411ارب ڈالر کی معیشت میں سے نصف غیر دستاویزی ہے، برآمدات پر مبنی ترقی کے ماڈل کو فروغ دینا پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے ایک اہم ہدف ہے،پاکستانی معیشت کی ترقی میں نجی شعبہ قائدانہ کردار ادا کرے گا جبکہ حکومت کا کردار صرف سہولیات فراہم کرنے والے ایک ماحول کی تخلیق تک محدود رہے گا، ڈیجیٹلائزیشن اور ڈاکیومنٹیشن ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ کاروباری اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کیا جو سعودی عرب کے کاروباری وفد کے اعزاز میں ترتیب دیا گیا تھا،تقریب کی میزبانی اوورسیز انویسٹرز چیمبر اور پاکستان بزنس کونسل نے مشترکہ طور پر کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام بحال ہو چکا اور کئی سالوں کے بعد اب تمام تین بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے مؤقف میں ہم آہنگی پائی جا رہی ہے۔